Time 05 فروری ، 2018
پاکستان

بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والی بچی مصنوعی ٹانگ کے ذریعے چلنے پھرنے کے قابل


گذشتہ برس بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے زخمی ہونے والی راولاکوٹ کی 12 سالہ بچی یاسرہ ریاست کو مصنوعی ٹانگ لگنے سے جیسے نئی زندگی مل گئی ہے اور اب وہ اپنے روزمرہ کے کام کسی کی مدد کے بغیر سرانجام دے سکتی ہے۔

بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے زخمی ہونے والی راولاکوٹ کی 12 سالہ بچی یاسرہ ریاست—۔جیو نیوز اسکرین گریب

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے شہر راولا کوٹ سے تعلق رکھنے والی 12 سالہ یاسرہ ریاست یکم اکتوبر 2017 کو بٹل سیکٹر میں بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں ایک ٹانگ سے محروم ہوکر چلنے پھرنے سے قاصر ہوگئی تھی۔

بعدازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایات پر یاسرہ کو فوری طور پر راولاکوٹ سے راولپنڈی اور پھر کہوٹہ سینٹر منتقل کیا گیا۔

گذشتہ برس 12 نومبر کو یاسرہ کی ٹانگ کا آپریشن کیا گیا اور مصنوعی ٹانگ نے بچی کو چلنے پھرنے کا سہارا دے دیا۔

یاسرہ کو آپریشن کے بعد خصوصی نگہداشت میں رکھا گیا اور 2 ماہ اور 9 دن بعد وہ زندگی کی رعنائیوں کی جانب واپس لوٹی۔

یاسرہ اب اپنے معمول کے کام سرانجام دینے کے قابل ہے—۔جیو نیوز اسکرین گریب

یاسرہ اب اپنی سہیلیوں کے ساتھ گاؤں کی گلیوں میں کھیلتی ہے اور اپنے معمول کے کام سرانجام دیتی ہے۔

یاسرہ کے والدین اپنی بچی کو دوبارہ چلتا پھرتا دیکھ کر بہت خوش ہیں اور آرمی چیف کے شکرگزار ہیں۔

دوسری جانب جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں بچی یاسرہ نے بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔


مزید خبریں :