کراچی میں فائرنگ کے واقعے میں چینی شہری ہلاک


کراچی کے علاقے ڈیفنس میں زم زمہ پارک کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان میں کوسکو شپنگ کمپنی کے ایم ڈی چینی شہری ہلاک ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے چینی شہری کی شناخت 46 سالہ چین ژو کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق ان کی گاڑی پر 10 گولیاں فائر کی گئی تھیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوپہر 2 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔

ترجمان نے واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا کہ چین زو، کوسکو شپنگ کمپنی کے ایم ڈی تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ چین زو اور ایک ٹرینی یی فین اپنے آفس سے دوپہر ڈیڑھ بجے نکلے، دونوں گاڑی میں کلفٹن بلاک2 کے ایک ریسٹورینٹ میں کھانا کھانے گئے تھے۔

کھانے کے بعد وہ زمزمہ پارک کے قریب سبزی خریدنے گئے، حملے کے وقت چین زو اپنی گاڑی میں موجود تھے، فائرنگ سے چین زو شدید زخمی ہوئے جبکہ دوسرا محفوظ رہا۔


پولیس ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ میں ایک راہگیر حسن عباس بھی زخمی ہوا، موقع سے نائن ایم ایم پستول کے 9 خول ملے جو فارنزک کے لیے بھجوادیے گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق کوسکو شپنگ کمپنی 1990 سے کراچی میں کام کر رہی ہے،  یہ سی پیک کمپنی نہیں، شپنگ کمپنی کو تین گن مین دیئے گئے لیکن انہوں نے اہلکاروں کو ساتھ نہیں رکھا۔

ترجمان نے بتایا کہ اہلکاروں کو ساتھ نہ رکھنا سیکیورٹی ایس اوپیز کی خلاف ورزی ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی دی ہوئی تھی لیکن چینی باشندے خود نہیں لے کر گئے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

واقعے کا مقدمہ درج

واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف سرکار کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا، جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گری کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے پر ڈی آئی جی ساؤتھ کو انکوائری افسر مقرر کردیا ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج موصول


کراچی میں چائنیز شہری کی ٹارگٹ کلنگ سے پہلے اور بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیونیوز نے حاصل کر لی۔

ایک فوٹیج میں دونوں چائنیز شہریوں کو نیلم کالونی کلفٹن میں بازار میں گھومتے دیکھا جاسکتا ہے،  مقتول نے آف وائٹ رنگ کی جرسی پہنی ہوئی ہے جبکہ اس کے ساتھی یی فین نے دھاری دھار کالے اور سفید رنگ کی جرسی جبکہ سیاہ رنگ کی جیکٹ پہنی ہوئی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں کے چہرے بھی واضح ہیں۔خیال یہی ظاہر کیا جارہا ہے کہ چین زو کو کچھ دیر بعد کچھ فاصلے پر ہی نشانہ بنایا گیا جبکہ دوسری فوٹیج میں فائرنگ کے بعد کی بھگدڑ دیکھی جاسکتی ہے۔


مزید خبریں :