کھیل
Time 14 فروری ، 2018

بھارت نے جنوبی افریقا کی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی

بھارتی کرکٹ ٹیم نے ون ڈے کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی افریقا کو اس کی اپنی سرزمین پر دوطرفہ سیریز میں شکست دے دی۔

بھارت نے پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے چھ ون ڈے میچز کی سیریز کے پانچویں میچ میں میزبان جنوبی افریقا کو 73 رنز سے شکست دے کر سیریز میں1-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

یہ ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقا کو بھارت کے ہاتھوں ون ڈے انٹرنیشنل کی باہمی سیریز میں پہلی شکست ہے اور یہ اعزاز بھی کپتان ویرات کوہلی کے کھاتے میں آیا۔

پانچویں ون ڈے میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ اوورز میں 274 رنز بنائے، روہت شرما نے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

جواب میں میزبان ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور ہاشم آملہ 71 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کی کامیابی میں روہت شرما کی سنچری کے ساتھ ساتھ اسپنرز کا اہم کردار رہا، کلدیپ یادیو نے 57 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والے پانچ ون ڈے میچز میں جنوبی افریقا کی 43 وکٹیں گریں جن میں سے 30 وکٹیں بھارت کے دو اسپنر یزویندر چاہال اور کلدیپ یادیو نے حاصل کیں۔

مزید خبریں :