پاکستان
Time 14 فروری ، 2018

نیب کی نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش


قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کی ہے۔

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹر کی جانب سے وزارت داخلہ کو دو الگ الگ خطوط لکھے گئے ہیں۔

ایک خط میں سابق وزیر اعظم نواز شریف جب کہ دوسرے خط میں مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا گیا ہے۔

یہ پڑھیں: سپریم کورٹ کے پاناما کیس پر فیصلے کے اہم نکات اردو میں

سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کر رکھے ہیں، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔

دوسری جانب العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں نیب ان تینوں ریفرنسز میں ضمنی ریفرنسز بھی دائر کرچکا ہے۔

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق نواز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش تین ریفرنسز ایون فیلڈ پراپرٹی، عزیزیہ مل اور فلیگ شپ انوسیٹمنٹ کی روشنی میں جب کہ مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر کا نام ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس کی روشنی میں ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے۔

مزید خبریں :