خواہش ہے اس بار پی ایس ایل کی ٹرافی ضرور اٹھائیں، سرفراز احمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی بدولت پاکستان میں کرکٹ واپس آرہی ہے اور یہ لیگ پاکستان کرکٹ کیلئے بہت مفید ثابت ہوئی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کی حیثیت سے ان کی خواہش ہے کہ اس بار فائنل ضرور جیتیں کیوں کہ فائنل ان کے اپنے شہر کراچی میں ہورہا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اس بار بھی پی ایس ایل میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ مختصر مدت کی کرکٹ زیادہ ہونے کی وجہ سے کرکٹرز کو اپنی فٹنس برقرار رکھنے کا موقع نہیں مل رہا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کے لیے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ لیگ کی وجہ سے پاکستان میں کرکٹ کا معیار بھی بہتر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ اس بات لیگ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہے ہیں، زیادہ ٹیموں کا مطلب یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع ملے گا اور مقابلہ سخت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا ایڈیشن پہلے سے بہتر تھا اور امید ہے کہ تیسرا ایڈیشن بھی دوسرے سے زیادہ اچھا ہوگا۔

خیال رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشن کے فائنل تک پہنچی تھی تاہم پہلی بار اسلام آباد یونائیٹڈ اور دوسری بار پشاور زلمی ٹرافی لے اڑی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری سے دبئی میں ہوگا جب کہ فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :