Time 19 فروری ، 2018
پاکستان

توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز—۔جیو نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں  وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

وفاقی وزیر دانیال عزیز اپنے وکیل علی رضا ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے۔

سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ مختلف ٹی وی چینلز پر دیئے گئے بیانات کی روشنی میں دانیال عزیز بادی النظر میں توہین عدالت کے مرتکب قرار پائے ہیں۔

عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل کو استغاثہ کا کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا اور بعدازاں کیس کی سماعت جمعہ (23 فروری) تک کے لیے ملتوی کردی۔

 واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ٹی وی ٹاک شوز کے دوران سپریم کورٹ اور ججوں کے بارے میں دانیال عزیز کے عدلیہ مخالف بیانات پر 2 فروری کو توہین عدالت کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے بنچ تشکیل دیا تھا۔

مزید خبریں :