سپریم کورٹ نے دانیال عزیز کو بھی توہین عدالت کا نوٹس بھیج دیا

فوٹو: فائل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے عدلیہ مخالف گفتگو کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری کے بعد  وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کو بھی توہین عدالت کا نوٹس بھیج دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے دانیال عزیز کے خلاف 7 فروری کو سپریم کورٹ کے ایک بینچ کے سامنے توہین عدالت کی کارروائی مقرر کردی۔

ذرائع کے مطابق دانیال عزیز کی جانب سے مختلف ٹی وی شوز کے دوران عدلیہ مخالف گفتگو کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس لیا گیا۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے عدلیہ مخالف تقریر کرنے پر وزیر مملکت طلال چوہدری کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجا تھا جس کے لئے تین رکنی بینچ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔

جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں مشتمل بینچ 6 فروری کو کیس کی سماعت کرے گا جب کہ جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب بینچ کا حصہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ طلال چوہدری نے سپریم کورٹ کی جانب سے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دینے اور سزا کے خلاف فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاستدانوں کی نااہلی کا فیصلہ صرف عوام کی عدالت کرسکتی ہے، اگر قانون کے مطابق فیصلے ہوتے تو عزت بڑھتی۔

انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا تھا کہ دیگر لوگوں کو بھی پکڑا جائے گا یا پھر صرف (ن) لیگ ہی ہدف ہے۔

مزید خبریں :