سپریم کورٹ نے نیب ریفرنسز یکجا کرنے کی نواز شریف کی اپیل مسترد کردی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نیب ریفرنس یکجا کرنے کی سابق وزیراعظم نواز شریف کی اپیل مسترد کردی۔ 

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے نیب ریفرنس یکجا کرنے کی درخواست پر ان چیمبر سماعت کی۔ 

خیال رہے کہ نواز شریف نے نیب میں زیر سماعت تین ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست کی تھی جسے رجسٹرار آفس نے اعتراض لگا کر واپس کردیا تھا۔

 سابق وزیراعظم نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف 2 دسمبر کو دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور ان چیمبر سماعت کی درخواست کی۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے درخواست پر ان چیمبر سماعت کے بعد نواز شریف کی نیب ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ 

نواز شریف کی اپیل میں کہا گیا تھا کہ  فیصلہ چیلنج ہو تو عدالت میرٹ پر از سرِنو سماعت کی پابند ہے، کئی مقدمات کے فیصلوں پر دوبارہ جائزہ لینے کی مثالیں موجود ہیں جب کہ عدالت قرار دے چکی ہے کہ تکنیکی نکات انصاف میں حائل نہیں ہوسکتے۔

اس سے قبل بھی سپریم کورٹ نواز شریف کی چیمبر اپیل مسترد کرچکا ہے اور پہلی چیمبر اپیل پاناما نظرثانی فیصلے میں نیب ریفرنسز یکجا کرنےکا نکتہ نہ اٹھانے پر مسترد کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ پاناما کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت میں زیرسماعت ہے۔ 

مزید خبریں :