لکس اسٹائل ایوارڈز تنازع: ماہرہ خان، جاوید شیخ کی حمایت میں بول پڑیں


پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان بھی سوشل میڈیا پر اپنی اور جاوید شیخ کی گردش کرنے والی ویڈیو پر بول پڑیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے سب سے بڑے لکس اسٹائل ایوارڈز 2018 کی تقریب ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوئی جس میں فلم اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

ایوارڈز کی تقریب میں اداکارہ ماہرہ خان کو فلم ’ورنہ‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ وصول کرنے کیلئے اسٹیج پر بلایا گیا جہاں پاکستان کے لیجنڈ اداکار جاوید شیخ اور اداکارہ ماورہ حسین انہیں ایوارڈ دینے کیلئے موجود تھے۔

ماہرہ خان اسٹیج پر پہنچیں اور وہاں پہلے سے موجود اداکارہ ماورہ حسین سے گلے ملیں اور خواتین کے روایتی انداز میں دونوں نے ایک دوسرے کو بوسہ دیا۔

اس کے بعد ماہرہ خان جاوید شیخ کی جانب بڑھیں اور ان سے مصافحہ کیا تاہم جاوید شیخ نے ماہرہ کو بوسہ لینے کی کوشش کی لیکن چونکہ ماہرہ کا دھیان ماورہ حسین کی جانب تھا لہٰذا انہیں اس کی خبر نہ ہوئی اور وہ ایوارڈ وصول کرنے کے لیے ماورہ کی جانب بڑھ گئیں۔

جاوید شیخ کی جانب سے ماہرہ خان کا بوسہ لینے کی کوشش کو چند کیمروں کی آنکھ نے محفوظ کیا اور یہ چند سیکنڈ کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جاوید شیخ پر سماجی رابطوں پر خود تنقید کی جارہی ہے تاہم جب ماہرہ خان کو علم ہوا کہ سوشل میڈیا پر ان کی اور جاوید شیخ کی ویڈیو کو غلط رنگ دے کر پیش کیا جارہا ہے تو وہ خاموش نہ رہ سکیں۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ماہرہ خان نے لیجنڈری اداکار جاوید شیخ کی حمایت کی اور کہا کہ جاوید شیخ ان سمیت پوری شوبز انڈسٹری کے لیے استاد کا درجہ رکھتے ہیں۔

ماہرہ خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’’میں جیسے ہی جاگی تو عجیب و غریب خبریں گردش کرتی پائیں، چیزوں سے باعلم رہنا اور اپنا تجزیہ رکھنا اچھی چیز ہے لیکن خدا کے لیے ہر چیز کو خبر بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے‘‘۔

ماہر نے کہا کہ جاوید شیخ ایک لیجنڈ اور انڈسٹری کے لوگوں کے لیے استاد کا درجہ رکھتے ہیں اور میں ہمیشہ ان کے اعلیٰ کردار کی گواہی دوں گی۔

مزید خبریں :