کھیل
Time 26 فروری ، 2018

131 رنز کے دفاع میں پشاور کی مزاحمت، میچ کراچی کے نام


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے ساتویں میچ میں بولرز کی شاندار گیندبازی کے باعث کراچی کنگز نے پشاور  زلمی کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

131 رنز کے دفاع میں پشاور کے گیند بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ کو آخری اوور تک لیکر گئے تاہم عماد وسیم نے چھکا لگاکر میچ کا اختتام کردیا۔

کراچی کنگز کے سب سے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز خرم منظور تھے جنہوں نے کرس جارڈن کی گیند پر اپر کٹ کھیلنے کی کوشش کی تاہم تھرڈ مین کی پوزیشن پر ابتسام شیخ نے شاندار کیچ پکڑ کر انہیں پویلین روانہ کردیا۔










دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز بابر اعظم تھے جو ابتسام شیخ کی گیند پر 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم کے بعد اگلی وکٹ جو ڈینلی کی گری جنہوں نے 29 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کولن انگرام 23 رنز بناکر ابتسام شیخ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد رضوان تھے جنہوں نے میچ کے آخری اوور میں محمد اصفر کی گیند پر کرس جارڈن کو کیچ دے دیا جس کے بعد زلمی کی میچ جیتنے کی امیدیں کچھ روشن ہوئیں۔

تاہم کپتان عماد وسیم نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگاکر میچ کا اختتام کردیا۔ کراچی کینگز کی یہ دوسری فتح تھی اور وہ پوائنٹز ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔

پشاور زلمی کی جانب سے کرس جارڈن اور ابتسام شیخ نے دو، دو جبکہ محمد اصغر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

51 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلنے پر ڈوئن اسمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔


اس سے قبل دوئن اسمتھ کی نصف سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے اپنی اننگز کے دوران 131 رنز بنائے۔

ایک موقع پر زلمی کی 8 وکٹیں 79 رنز پر گرگئی تھیں تاہم اس موقع پر ڈوئن اسمتھ نے اکیلے ہی اپنی ٹیم کے لیے قابل دفاع رنز اسکور بورڈ پر لگائے۔

اسمتھ نے 51 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی، اختتامی چار اوورز میں زلمی 48 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

زلمی کی جانب سے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز کامران اکمل تھے جو 14 رنز بناکر محمد عامر کی ان سوئنگ کو نہ سمجھ سکے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

محمد عامر نے شاندار گیند بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تمیم اقبال کی بھی وکٹ حاصل کی جو 11 رنز بناکر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد حفیظ تھے جو شاہد آفریدی کی گیند پر کپتان عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔



حارث سہیل بھی اسکور بورڈ میں خاطر خواہ اضافہ کرنے میں ناکام رہے اور محمد عرفان جونیئر کی گیند پر ملز کو تھرڈ مین پر کیچ دے بیٹھے۔

ابتسام شیخ کو پچھلے میچ میں اچھی بولنگ کا صلہ ملا اور انہیں پانچویں نمبر پر بھیجا گیا تاہم وہ 2 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے اور پویلین لوٹ گئے۔

کپتان ڈیرن سیمی اور ڈوئن اسمتھ کے درمیان رابطہ کے فقدان کے باعث سیمی رن آؤٹ ہوگئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر اور شاہد آفریدی نے دو، دو جبکہ محمد عرفان جونیئر اور ٹائمل ملز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پیر کو پی ایس ایل کا آٹھواں میچ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :