کھیل

پی ایس ایل 3: ان ناقابل یقین کیچز نے ٹورنامنٹ کو چار چاند لگادیے

پاکستان سپر لیگ تھری شروع ہوئے ابھی ایک ہفتہ بھی نہیں گزرا لیکن اس مختصر عرصے میں ہی ہمیں کچھ بہترین کیچز دیکھنے کو ملے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک وز کے مطابق پی ایس ایل میں کیچ پکڑنے کا تناسب 90 فیصد ہے جو کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران کسی بھی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں سب سے زیادہ ہے۔

ویب سائٹ نے پی ایس ایل کے فیلڈنگ کا معیار انڈین پریمیئر لیگ اور بیگ بیش سے بھی بہتر قرار دیا ہے۔

آئیے پی ایس ایل میں لیے گئے اب تک کے بہترین کیچز کو دوبارہ دیکھتے ہیں۔

تھیسارا پریرا نے مشکل کیچ آسان بنادیا

یہ اہم مقابلہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان تھا۔ ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہونے جارہی تھی کیوں کہ ایلیمینیٹر تھا۔

اس اہم ترین میچ کے ابتدائی مراحل میں تھیسارا پریرا نے شامل کیچ پکڑ کر ٹورنامنٹ میں نئی روح پھونک دی۔ تھیسارا نے آندرے فلیچر کے اونچے شاٹ کا تعاقب مڈ آن سے شروع کیا اور تقریباً باؤنڈری پر کیچ پکڑنے میں کامیاب رہے۔

سنسنی خیز مقابلے کے بعد تھیسارا کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اس میچ میں ایک رن سے شکست ہوئی تھی۔


انور علی کا شاندار ڈائیونگ کیچ











کوئٹہ کے بولرز اس مرحلے پر کراچی کنگز پر پوری طرح حاوی تھے۔ بڑھتے مطلوبہ رن ریٹ کے باعث بابر اعظم اونچا شاٹ کھیلنا چاہتے تھے تاہم مڈ آن پر موجود انور علی کو کیچ دے بیٹھے جنہوں نے مشکل کیچ کو آسان بنادیا۔

شان مسعود نے ناممکن کیچ کو ممکن بنادیا

ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان یہ میچ دلچسپ مرحلے سے گزر رہا تھا۔ ایسے میں شان مسعود نے بظاہر ناممکن نظر آنے والے کیچ کو ممکن بنادیا تاہم ان کی ٹیم ملتان سلطانز میچ ہارگئی۔

آصف علی کا بائیں ہاتھ سے ڈائیونگ کیچ

یہ ٹورنامٹ کے اب تک کے سب سے بہترین میچ کے انتہائی دباؤ سے بھرپور لمحات تھے۔ سہیل خان نے شاداب خان کی شارٹ پچ گیند پر لیگ پر کھیلنے کی کوشش کی تاہم ان کے بیٹ سے ایج لگا اور بال آصف علی کی جانب بڑھی جنہوں نے اپنے بائیں ہاتھ سے ڈائیو لگاکر کیچ پکڑا۔ ان کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ اس میچ کو سپر اوور میں جیتنے میں کامیاب رہی۔

جنید خان کا ڈائیو لگاکر کیچ پکڑلیا

یہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ تھا جس میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی آمنے سامنے تھے۔ جنید خان کے کیچ کے باعث ان کی ٹیم ملتان سلطانز اننگز کی شروعات میں ہی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ ملتان یہ میچ جیتنے میں بھی کامیاب رہا تھا۔

آفریدی کا باؤنڈری پر جادوئی کیچ

اگر اسے شاہد آفریدی کے کریئر کا بہترین کیچ قرار دیا جائے تو غالباً غلط نہ ہوگا۔ 37 سالہ آفریدی نے جادوئی کیچ پکڑ کر ثابت کردیا کے عمر صرف ایک ہندسے کے سوا کچھ نہیں۔

احمد شہزاد نے فخر زمان کو پویلین روانہ کیا

کبھی کبھی اچھی گیند پر بولروں کو وکٹ نہیں ملتی جبکہ کبھی ایک بری گیند پر وکٹ لینے کا باعث بن جاتی ہے اور فیلڈنگ یہاں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ احمد شہزاد کے اس شاندار کیچ میں بھی ایسا ہی ہوا۔ ان کے کیچ کے باعث فخر زمان کی اننگز تمام ہوگئی

نوجوان ابتسام کا شاندار کیچ

پی ایس ایل نے پاکستان کرکٹ میں نئے چہروں کا متعارف کروایا ہے جبکہ اس مرتبہ ٹورنامنٹ میں 19 سالہ لیگ اسپنر پشاور زلمی کا حصہ ہیں جنہوں نے اب تک ٹورنامنٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ یہاں ان کے اس بہترین کیچ کی بدولت کراچی کنگز کے خرم منظور آؤٹ ہوگئے۔

محمد حفیظ نے مشکل کیچ کا آسان بنادیا

آل راؤنڈر محمد حفیظ کا شمار پاکستان ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑیوں میں ہوتا ہے تاہم اس کیچ کو دیکھ کر ان کی فٹنس کا اندازہ ہوتا ہے۔ محمد حفیظ نے مشکل کیچ کو آسان بناکر کولن انگرام کو پویلین روانہ کیا۔

شاہین آفریدی کی محنت، عمر اکمل کا کیچ

یوں تو لاہور قلندرز اب تک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں تاہم یہاں بہترین ٹیم ورک کے نتیجے میں ایک شاندار کیچ دیکھنے کو ملا۔

جو ڈینلی کا ناقابل یقین کیچ

جو ڈینلی کے اس کیچ نے جنوبی افریقی بلے باز جانٹی روڈز کی یاد تازہ کردی جنہوں نے اپنے کریئر میں کچھ یادگار کیچز پکڑے۔ تاہم جو ڈینلی کا یہ کیچ کسی بھی طرح سے ان کیچز سے کم نہ تھا۔

جو ڈینلی نے ہوا میں چھلانگ لگاکر بظاہر ناممکن نظر آنے والے کیچ کو ممکن کردکھایا۔

آپ کو ان تمام کیچوں میں سب سے اچھا کونسا لگا؟ 

مزید خبریں :