04 مارچ ، 2018
پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کی کپتانی کے گُن گانے لگے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کمار سنگاکارا نے کہا کہ شعیب ملک بہت اچھے قائد ہیں اور پی ایس ایل تھری میں ملتان سلطانز کی کامیابی کا راز شعیب ملک کی اعلیٰ قیادت ہی ہے۔
سری لنکا کے اسٹار کرکٹر کمار سنگاکارا نے کہا کہ شیعب ملک نے ٹیم کا ماحول کافی پرسکون رکھا ہوا ہے، ہر کھلاڑی کھیل سے لطف اندوز ہورہا ہے، شیعب ملک کھلاڑیوں کو کوئی اضافی بوجھ یا دباؤ نہیں ڈالتے۔
ملتان سلطانز کی کامیابی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنگاکارا نے کہا کہ ’’یہ ٹیم ورک، پرسکون رہنے اور کھیل سے لطف اندوز ہونے کا نتیجہ ہے‘‘۔
پی ایس ایل میں مقابلے کے معیار کے حوالے سے سنگاکارا نے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے، یہاں مقابلے کا معیار بہت بلند ہے، پاکستان کا نوجوان ٹیلنٹ بھی اچھا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ ملتان سلطانز کے کوالیفائر میچز تک پہنچنے کی صورت میں کیا وہ پاکستان آئیں گے تو سنگاکارا نے کہا فی الحال وہ اس بارے میں نہیں سوچ رہے، ان کی توجہ ایک وقت میں ایک میچ پر مرکوز ہے اور جب وقت آئے گا تو اس حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ملتان سلطانز کے صدر اشعر شون نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ اگر ان کی ٹیم پلے آف مرحلے تک پہنچی تو کمار سنگاکارا سمیت تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔ ملتان کی نمائندگی کرنے والے عمران طاہر بھی پاکستان آنے کا اعلان کرچکے ہیں۔
ترجمہ و ایڈیٹنگ: محمد خالد حسین