06 مارچ ، 2018
اسلام آباد: خفیہ کیمروں کے ذریعے ریکارڈنگ کرکے خواتین کو بلیک میل کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے خفیہ کیمروں سے وڈیو بنا کرخواتین کو بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کی شناخت محمد امجد کے نام سے ہوئی ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم اسلام آباد میں مقامی ہوٹل کا مالک ہے، ملزم نے ہوٹل کے کمروں میں خفیہ کیمرے لگا رکھے تھے۔
ملزم خواتین کی خفیہ ریکارڈنگ کرکے انہیں بلیک میل کرتا تھا اور خواتین کو جنسی طور پر ہراساں اور پیسوں کا مطالبہ کرتا تھا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کارروائی ایک متاثرہ خاتون کی شکایت پرکی گئی ہے جسے ملزم بلیک میل کررہا تھا اور یہ دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے کسی کو اس بارے میں شکایت کی تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد عمران علی سید نے بتایا کہ ملزم کا ویہاڑی میں ’’اسکائی ویز‘‘ کے نام سے بھی ایک ہوٹل ہے اور وہاں بھی خفیہ کیمروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مکروہ دھندے میں ملزم اکیلا ہے یا اس کے ساتھ دیگر افراد بھی موجود ہیں اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل فیصل آباد میں معروف برانڈ لیوائز کے شو روم میں خواتین کے ٹرائی روم میں بھی خفیہ کیمرے کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد فیصل آباد کے تمام شاپنگ مالز کو چیک کیا گیا تھا۔
اکثر خواتین کپڑوں کی خریداری کے دوران گارمنٹ شاپ کے 'ٹرائی روم' کا بلا جھجک استعمال کرتی ہیں اور انہیں اس بات کا بالکل احساس نہیں ہوتا کہ اس کمرے میں بھی خفیہ کیمرے ہو سکتے ہیں۔
لہذا کسی بھی اسٹور میں کپڑوں کی خریداری کے دوران ٹرائل روم کے خفیہ کیمروں پر نظر رکھنا بہت ضروری ہے۔
سوال یہ ہے کہ یہ کیسے معلوم کیا جائے کہ یہاں کیمرے ہیں؟ اس کے چند طریقے ہیں۔
نمبر ایک: کمرے میں جانے کے بعد سب سے پہلے اچھی طرح دیکھ لیں کہ کہیں کیمرا تو نہیں۔
نمبر دو: یہ دیکھیں کہ کمرے میں کتنے آئینے لگے ہیں۔
نمبر تین: آپ آئینے کو اپنی انگلی سے چھو کر دیکھیں، آپ کو اپنی انگلی کا عکس آئینے میں نظر آئے گا، اگر آپ کی انگلی اور اس عکس کی انگلی میں گیپ (فاصلہ) ہے تو اس کا مطلب وہ آئینہ صحیح ہے۔
نمبر چار: اگر آپ کی انگلی کا عکس اور آئینے میں بننے والا عکس آپس میں ٹچ ہو جاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ دوہرا شیشہ ہے آئینہ نہیں ہے، یعنی وہ ایک طرف دیکھنے میں آئینہ ہوگا اور دوسری طرف ٹرانسپیرنٹ شیشہ ہوگا، جس کا مطلب یہ کہ آپ کو کہیں بیٹھے لوگ دیکھ رہے ہیں۔
نمبر پانچ: اپنے فون کا انٹرنیٹ اوپن کرکے دیکھیں، اگر کمرے میں خفیہ کیمرا ہوگا تو آپ کا پیج ٹھیک سے اوپن نہیں ہوگا۔
نمبر چھ: آپ اپنے موبائل سے کسی کو کال کرکے دیکھیں، اگر کال نہ ملے تو کمرے میں خفیہ کیمرے کے بہت امکانات ہیں۔