Time 06 مارچ ، 2018
کھیل

روی بوپارہ فائنل کے لیے کراچی آنے پر رضامند


دبئی: پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے غیر ملکی کھلاڑی روی بوپارہ نے ٹیم کی جانب سے فائنل کھیلنے کی صورت میں کراچی آنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرا مرحلہ آج سے دبئی میں شروع ہوگا جب کہ اس سے قبل لیگ میں تمام ٹیموں نے 5، 5 میچز کھیل چکی ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز اور کراچی کنگز 5 میچز میں 7، 7 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ 6،6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ 4 میں شامل ہیں جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور لاہور قلندرز آخری نمبر پر ہیں۔

کراچی کنگز نے تیسرے مرحلے کے لیے تیاریوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جب کہ کراچی کا اگلا میچ جمعرات کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں روی بوپارہ کا کہنا ہے کہ لیگ میں سب ہی کھلاڑی بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ ٹیم منیجمنٹ اور ٹیم ایک فیملی کی طرح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا معیار بہترین ہے اور شروع میں ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ لیگ میں دلچسپ مقابلے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگ میں دنیا کے بہترین بولر اور کھلاڑی کھیل رہے ہیں جس سے پاکستان کرکٹ میں نکھار آیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں روی بوپارہ نے کہا کہ پاکستان کو پی ایس ایل سے نوجوان کھلاڑی ملے ہیں جن میں فخر زمان، شاداب خان اور حسن علی شامل ہیں اور مستقبل میں بھی کئی کرکٹرز لیگ سے نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر لطف اندوز ہورہا ہوں اور ان کی مدد کے لیے ہر وقت تیار ہوں۔

کراچی میں فائنل سے متعلق سوال پر کراچی کنگز کے بیسٹمین کا کہنا تھا کہ پرامید ہوں کہ ہم فائنل کھیلیں گے کیوں کہ ہم اچھی پوزیشن میں ہیں جب کہ ہماری کوشش ہے کہ لیگ اسٹیجز میں پہلی پوزیشن حاصل کریں اور پلے آفز کھیل کر کراچی جائیں، میں وہاں ضرور جاؤں گا۔

ساتھی کھلاڑیوں کو پاکستان جانے کے لیے قائل کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ یہ مناسب نہیں ہوگا کہ میں دوسرے کھلاڑیوں کو کراچی جانے پر قائل کروں، یہ ان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔

مزید خبریں :