Time 07 مارچ ، 2018
کھیل

اسلام آباد یونائیٹڈ کو دھچکا، آندرے رسل لیگ کے بقیہ میچز سے باہر

دبئی: پی ایس ایل تھری میں کراچی کنگز کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ توڑنے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا، اہم آل راؤنڈر آندرے رسل انجرڈ ہوکر لیگ کے بقیہ میچز سے باہر ہوگئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک عہدے دار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 29 سالہ ویسٹ انڈین کرکٹر ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوکر پی ایس ایل تھری کے بقیہ میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایم آر آئی اسکین میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آندرے رسل کو گریڈ ٹو ہیمسٹرنگ انجری ہوئی ہے جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے فزیو ایرل ایلکوٹ نے انہیں چار سے آٹھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ آندرے فلیچز پی ایس ایل کے آئندہ میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔ آندرے رسل کراچی کنگز کے خلاف میچ کے پہلے ہی اوور میں انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر بھی کوئٹہ گلیڈٰ ایٹرز کے خلاف میچ میں گھنٹے کی انجری کا شکار ہوکر میدان سے باہر چکے گئے تھے اور اب تک ان کی ٹیم میں واپسی نہیں ہوسکی ہے۔

آندرے رسل نے پی ایس ایل تھری میں 3 میچز میں اسلام آباد کی نمائندگی کی اور انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کی اور ساتھ ہی 82 رنز بھی اسکور کیے۔

لاہور قلندرز کے خلاف سپر اوور کی آخری گیند پر آندرے رسل نے ہی چھکا لگاکر اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح دلائی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رسل کے متبادل کھلاڑی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :