Time 08 مارچ ، 2018
پاکستان

پاکستانی سینما میں خواتین کا کردار

کراچی فلم سوسائٹی کی صدر سُلطانہ صدیقی نے دم توڑتی فلم انڈسٹری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل کے نوجوانوں نے سینما کو دوبارہ اُس کا مقام دینے میں اہم کردار کیا ہے، اگر ہم سب مل جائیں تو فلم دوبارہ سے وہی درجہ پا سکتی ہے جو میڈم نور جہاں کے دور میں تھا۔

عالمی یوم خواتین کے موقع پر ستاروں سے بھرپور ایونٹ 'ویمن اِن فلم' کراچی کے نجی ہوٹل میں منعقدہوا جس میں شوبز کی جانی پہچانی شخصیات نے شرکت کی۔ 

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلطانہ صدیقی نے بتایا کہ پروڈیوسر کا کام صرف فلم کے لیے پیسے خرچ کرنا نہیں، بلکہ اُسے فلم کی پوری معلومات ہونی چاہئیں، اچھی کتابیں اور فلمیں ہی اچھا پروڈیوسر بناتی ہیں۔

سیمینار میں حمید ہارون نے بھی کھل کے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ٹریننگ خواہ وہ مرد ہو یا عورت دونوں کے لیے ضروری ہے اور خواتین ڈائریکٹرز کے بغیر تو یہ ممکن ہی نہیں ہے۔

حمید ہارون نے میڈم نُور جہاں کی فلم کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چالیس برس تک سُریلی گلوکارہ نے فلم کے گانوں کا بوجھ اپنے کاندھوں پر لیے رکھا، لیکن جوں جوں جدت آتی گئی ہم نے گانے کے اصلی مزے کا لُطف کھو دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر اب ہم بحیثیت معاشرہ سینما کے زوال کو روکنے اور اس میں خواتین کی شمولیت برقرار رکھنے کا سبب نہیں بنیں گے تو اِسے کھو دیں گے۔

سیمینار میں پینل ڈسکشن کے دوران معروف اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے دقیانوسی کرداروں کو فلم کے ذریعے دکھانا آسان ہے اور جو بھی کچھ ہمارے ارد گرد ہو رہا ہے، اُسے لوگوں کو دکھانا ضروری ہے۔

اس موقع پر فلم اداکارہ ریما خان نے اپنے خیالات کے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں فلم انڈسٹری کو آگے لے کر جانا ہے تو ہمیں صوبوں اور جنس سے بالاتر ہو کر کام کرنا پڑے گا۔

پینل میں موجود مصنفہ حسینہ معین نے اپنے تجربات اور خیالات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہم فلمیں کاپی کرکے بہت بڑی غلطی کرتے ہیں، ایک ہی جیسی فلم اِدھر اور اُدھر دیکھ رہے ہوتے ہیں۔

سیمینار میں شریک اداکارہ ثروت گیلانی نے سوال اٹھایا کہ ہم کیوں اپنی خواتین کا مثبت امیج پوری دُنیا میں پیش نہیں کرتے ہیں اور عورت کو صرف مظلوم ہی کیوں دکھاتے ہیں۔ 

ثروت گیلانی نے مزید کہا کہ میں پوری دُنیا میں پاکستانی عورت کا مثبت اور ہیرو امیج پیش کرنا چاہوں گی۔ 

مزید خبریں :