16 مارچ ، 2018
دبئی: پشاور زلمی کے ہاتھوں کراچی کنگز کی شکست کے بعد پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلے آف میں جگہ پکی ہو گئی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اس وقت 12 پوائنٹس ہیں اور اس کا کراچی کنگز کے ساتھ ایک میچ ہونا باقی ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اب کوئی بھی دوسری ٹیم 12 سے زائد پوائنٹ حاصل نہیں کر سکے گی۔
موجودہ صورت حال میں یہ بات تو طے ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو 18 مارچ کو دبئی میں ہونے والا کوالیفائر کھیلنا ہے اور اس میچ میں فتح کی صورت میں مصباح الیون کراچی میں 25 مارچ کو ہونے والے فائنل کے لیے براہ راست کوالیفائی کر جائے گی۔
دوسری جانب ملتان سلطانز اور کراچی کنگز پشاور زلمی کے خلاف لاہور قلندرز کی ہار کے لیے دعائیں مانگ رہے ہوں گے۔
اگر لاہور قلندرز جمعے کو ہونے والے میچ میں پشاور زلمی کو ہرا دیتی ہے تو سلطانز اور کنگز پوائنٹ ٹیبل پر تیسری اور چوتھی پوزیشن پر آ جائیں گے۔
لیکن پشاور زلمی کی لاہور قلندرز کے خلاف جیت کی صورت میں دفاعی چیمپئن پوائنٹ ٹیبل پر اسلام آباد اور کوئٹہ کے ساتھ تیسری ٹیم بن جائے گی اور پھر کراچی کنگز کو آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینا ہو گی۔
اس صورت حال میں ملتان سلطانز کی ٹیم کراچی کنگز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتح پر آس لگائے بیٹھی ہو گی۔
کنگز کے خلاف یونائیٹڈ کی فتح سے ملتان اور کراچی میں سے پلے آف کا فیصلہ رن ریٹ پر کیا جائے گا۔
اگر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کراچی کنگز کو 16 رنز سے شکست دیتی ہے یا پھر 12 گیندوں پر قبل ہدف پورا کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اس صورت میں ملتان سلطانز کی ٹیم پلے آف کے لیے کوالیفائی کر جائے گی، بصورت دیگر کراچی کنگز اگلے مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہو جائیگی۔