16 مارچ ، 2018
پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو جانچنے کے لیے ’ان سائٹس‘ نامی سافٹ ویئر کو آرمائشی طور پر متعارف کرا یا گیا ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ کرکٹ میں بھی جدت آ گئی ہے اور جدید دور کی کرکٹ کو جدید دور کے تقاضوں کے ساتھ ہی چلایا جا سکتا ہے اور اس مقصد کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال بھی بہت ضروری ہو گیا ہے۔
جدید دور میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے بغیر بین الاقوامی سطح پر ہونے والی کرکٹ کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔
اسی مناسبت سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومت پنجاب کے اشتراک سے پی ایس ایل میں ’ان سائٹس‘ نامی سافٹ ویئر کو آرمائشی طور پر متعارف کرایا ہے جس کا مقصد تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کے ساتھ ان کا ڈیٹا مرتب کرنا ہے۔
حکومت پنجاب کے آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین عمر سیف نے جیو نیوز کو بتایا کہ پاکستان سپر لیگ میں آزمائشی بنیادوں پر سافٹ ویئر کا استعمال ہو رہا ہے، ہر کھلاڑی کا مکمل ڈیٹا ایک جگہ جمع ہو گا جس میں اس کی پوری ڈومیسٹک پرفارمنس ریکارڈ ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ سے اس سافٹ ویئر کا آغاز اس لیے کیا گیا کہ یہ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے جس سے نا صرف پلیٹ فام کو بہتری میں مدد ملے گی بلکہ سب کی توجہ بھی اس جانب مبذول ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اس سافٹ ویئر کے ذریعے سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کھلاڑیوں کو ٹریک کرنے کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا اور بنیادی طور پر اس ٹیکنالوجی کی مدد سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔
عمر سیف نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور مشتاق احمد کی معاونت سے تیار کردہ سافٹ ویئر ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے ہر مقابلے میں استعمال ہو گا۔
عمر سیف نے بتایا کہ اس حوالے سے حکومت پنجاب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم پی سی بی کو یہ پلیٹ فارم بغیر کسی معاوضے کے بنا کر دیا جائے۔
عمر سیف نے ان سائٹس کے بارے میں بتایا کہ اس سافٹ ویئر کی مدد سے کھلاڑیوں کی خوبیوں اور خامیوں کا پتا چلانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سافٹ ویئر کی مدد سے ہمیں پتہ چلے گا کہ کون سا کھلاڑی کس جگہ، کس قسم کی وکٹ اور کس بولر کے خلاف اچھا کھیلتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سافٹ ویئر کی مدد سے ٹیم کی کوچنگ میں بھی آسانی ہو گی اور کھلاڑیوں کے انتخاب میں بھی مدد ملے گی، سب سے بڑی بات کہ اس سافٹ ویئر کی مدد سے میرٹ پروان چڑھے گا کہ وہ کھلاڑی جو واقعی میں اچھا کھیل رہے ہیں انہیں موقع ملے گا۔