انٹر بورڈ، آخری موقع ختم ہونے پر تمام پرچے دوبارہ دینے کی پابندی ختم

فوٹو: فائل

کراچی: سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز میں انٹرمیڈیٹ کی سطح پر آخری موقع ختم ہونے والے طلبہ و طالبات کی سہولت کیلئے سارے پرچے دوبارہ دینے کی پابندی ختم کردی گئی ہے جس کےبعد اب انٹر کے طلبہ صرف وہ پرچہ دیں گے جس میں وہ فیل ہوئے ہیں۔

اس بات کی منظوری سندھ بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے کی۔ اجلاس میں انٹر بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد، حیدرآباد بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹرمحمد میمن، سکھر بورڈ کے چیئرمین غلام مجتبیٰ شاہ، لاڑکانہ بورڈ کے چیئرمین پروفیسرا حمد علی بروہی، ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مسرور احمد شیخ اور میرپورخاص بورڈ کے چیئرمین پروفیسر برکات علی حیدری نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں طے کیا گیا کہ آخری موقع ختم ہونے والے تمام طلبا کو رواں سال 2018ء میں ہونے والے سالانہ امتحانات میں شرکت کے مواقع دیئے جائیں گے اور ہر بورڈ کا چیئرمین انفرادی طور پر اس معاملے میں طلبہ کو سہولت دے سکے گا۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ سال میٹرک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین کی کوششوں سے آئی بی سی سی میں میٹرک کی سطح پر آخری موقع ختم ہونے والے طلبہ و طالبات کی سہولت کی خاطر سارے پرچے دوبارہ دینے پر پابندی ختم کردی گئی تھی اور فیصلہ کیا گیا کہ میٹرک کے طلبہ صرف وہ پرچہ ہی دیں گے جس میں وہ ناکام ہوئے۔ تاہم اس وقت یہ فیصلہ میٹرک تک ہی محدود رہا تھا۔ 

ایک اندازے کے مطابق صرف میٹرک بورڈ میں رواں مہینے کے آخر میں ہونے والے سالانہ امتحانات میں آخری موقع ختم ہونے والے طلبہ کو فیل پرچے کا امتحان دینے سے 5 ہزار طلبہ نے استفادہ کیا، یہی وجہ تھی کہ صوبائی بورڈ کے اجلاس میں اس کا دائرہ میٹرک سے بڑھا کر انٹر تک کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :