Time 21 مارچ ، 2018
پاکستان

بلوچستان ضرور ترقی یافتہ صوبہ بنے گا، لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ

بولان: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان ضرور ترقی یافتہ صوبہ بنے گا، ہم چاہتے ہیں کہ صوبے میں تعلیمی نظام بہتر ہو اور بلوچ نوجوان اپنے صوبے کو آگے لے جانے میں پیش پیش ہوں۔

ان خیالات کا اظہار کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بولان جیپ ریلی کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن کی صورتحال بہتر ہے، سب لوگ بلوچستان کی ترقی چاہتے ہیں، کوشش کریں گے کہ آئندہ جیپ ریلی میں غیر ملکی ڈرائیور بھی حصہ لیں۔

یوم پاکستان کے حوالے سے پہلی 3 روزہ بولان جیپ ریلی علاقے میں خوشیاں بکھیرتی ہوئی اختتام پذیر ہوگئی۔ جیپ ریلی میں ملک بھر سے ماہر ڈرائیوروں نے حصہ لیا۔

کہیں پانی، کہیں پہاڑ، کہیں پتھریلی زمین، ضلع بولان کے 80 کلومیٹر طویل ٹریک پر پاک فوج نے پہلی مرتبہ تین روزہ جیپ ریلی کا انعقاد کیا جس میں مختلف کیٹگریز میں خواتین سمیت 43 ماہر ڈرائیوروں نے حصہ لیا۔

اے کیٹیگری میں صاحبزادہ فواد صبوری نے پہلی ،طارق مگسی نے دوسری اور حاجی وحید احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ خواتین کیٹیگری میں توشنا پٹیل پہلے نمبر پر رہیں۔

اختتامی تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، آئی جی ایف سی ندیم انجم سمیت صوبائی وزراء، مقامی عمائدین اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں بچوں نے ٹیبلو پیش کئے جس میں بلوچ ثقافت کو اجاگر کیا گیا، لوک موسیقی پر بلوچ فنکاروں نے اپنے فن کامظاہرہ کیا۔

مزید خبریں :