بھارت آزادی کی تحریکوں کو طاقت کے زور پر دبا نہیں سکتا، صدر ممنون


اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ بھارت کو خبردار کرتا ہوں کہ خالصتاً مقامی تحریک آزادی پر ظلم کے پہاڑ توڑنا بند کرے، آزادی کی تحریکوں کو طاقت کے زور سے دبایا نہیں جا سکتا۔

یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، اس روز فیصلہ ہوا تھا کہ غاصبانہ طاقتوں کو شکست دے کر اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے، ہم اس خواب کو حقیقت کا رنگ دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران خطے میں ہونے والی تبدیلیوں اور جنگ و جدل نے خطے کا استحکام متاثر کیا جس کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا، پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفسار کے ذریعے اس چینلج کا بھرپور مقابلہ کیا۔

صدر پاکستان نے کہا کہ لازوال قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں امن بحال ہوچکا ہے، کامیابی کے اس سلسلے کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ دہشتگردی کا عفریت پھر سر نہ اٹھاسکے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ مشرق میں ہمارا ہمسایہ اپنی فوجی قوت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر جارحیت کر کے بیگناہ شہریوں کے جان و مال کا نقصان کیا جارہا ہے، اس ملک نے اپنے اس غیر ذمے دارانہ طرزِ عمل سے خطے کا امن داﺅ پر لگا دیا ہے۔

صدر مملکت نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ خالصتاً مقامی تحریک آزادی پر ظلم کے پہاڑ توڑنا بند کرے، آزادی کی تحریکوں کو طاقت کے زور سے دبایا نہیں جا سکتا، مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے سے ہے اور پاکستان اس مقصد کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے ملک میں قیام امن کے لئے قربانیاں دینے والوں کے لئے تمغہ عزم کا بھی اعلان کیا۔

مزید خبریں :