23 جولائی ، 2012
نئی دہلی…بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں اورمقامی افرادکے درمیان جھڑپوں میں 11 افراد ہلاک ہوگئے، حالات پر قابو پانے کے لیے فوج کی مدد طلب کرلی گئی ۔بھارتی ریاست آسام کی پولیس کے مطابق ریاست میں مسلمان آباد کاروں اور مقامی بودو کمیونٹی کے درمیان زمین کے تنازعہ پر ہونے والے فسادات میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ریاستی دارالحکومت گوہاٹی کے مغربی ضلع کوکراجھر میں یہ جھڑپیں دو روز سے جاری ہیں اور حالات پر قابو پانے کے لیے فوج کی مدد طلب کی گئی ہے۔ یہ تنازعہ جمعہ کو ایک شخص کی ہلاکت پر شروع ہوا اور آس پاس کے تقریبا چھ دیہات تک پھیل گیا۔ اس کے نتیجے میں سات ہزار لوگ جانیں بچانے کے لیے نقل مکانی کرگئے ہیں ۔