26 مارچ ، 2018
کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے دوران انتظامیہ نے متعدد خصوصی مہمانوں کو بھی فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی لیکن ان میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کسی کو بھی نظر نہیں آئے۔
فائنل میچ دیکھنے آنے والے مہمانوں میں شاہد آفریدی اور سابق کرکٹر ظہیر عباس سمیت کئی سیاسی رہنما بھی شامل تھے۔
سرفراز کے اسٹیڈیم میں موجود نہ ہونے کے حوالے سے جب جیو ڈاٹ ٹی وی نے کئی ذرائع سے پوچھا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو باضابطہ طور پر فائنل دیکھنے کی دعوت نہیں دی گئی۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد پی ایس ایل 3 کے آفیشل گانے میں بھی شامل نہیں تھے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا تاہم بورڈ میں موجود ذرائع کا کہنا تھا کہ چونکہ سرفراز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کی حیثیت سے ٹورنامنٹ کھیل رہے تھے اس لیے انہیں کسی باضابطہ دعوت نامے کی ضرورت نہیں تھی۔
تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد بھی سرفراز کو دعوت نہ دینا حیران کن ہے۔