Time 12 اپریل ، 2018
پاکستان

چیف جسٹس نے چیچہ وطنی میں 8 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا نوٹس لے لیا

بچی سے زیادتی کے واقعے کے روز چیچہ وطنی میں تاجروں نے ہڑتال کی: اسکرین گریب جیونیوز

اسلام آباد: چیف جسٹس نے چیچہ وطنی میں 8  سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا از خود نوٹس لے لیا۔

پنجاب کے شہر چیچہ وطنی میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا جسے زیادتی کےبعد آگ لگانے کا انکشاف ہوا تھا۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے کےمطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے چیچہ وطنی میں 8 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا از خود نوٹس لے لیا اور آئی جی پنجاب سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نےنوٹس میڈیا رپورٹس پر لیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق بچی نور فاطمہ کو زیادتی کے بعد زندہ جلا دیا گیا تھا جب کہ بچی کے خاندان اور علاقہ مکینوں نے چیف جسٹس سےمعاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔

واقعے کی تفتیش جاری

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی جائے وقعہ کا معائنہ کیا اور اہل محلہ سے معلومات اکٹھا کیں۔

تحقیقاتی ٹیم نے ٹیم نے واقعے میں شک کی بنیاد پر گرفتار ملزم کی دکان کا بھی معائنہ کیا۔

واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں بھی پنجاب میں بچی سے زیادتی اور قتل کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا تھا جس میں میں 7 سالہ بچی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :