پاکستان
Time 14 اپریل ، 2018

ایم کیوایم کے ایم پی اے شبیر قائم خانی پی ایس پی میں شامل

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی شبیر قائم خانی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے۔

کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے مرکز پاکستان ہاؤس میں مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبیر قائم خانی نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دعوے سے کہتا ہوں شبیر قائم خانی سوچیں گے کہ انہوں نے پہلے ہمیں جوائن کیوں نہیں کیا، جو بھی آتا ہے اپنے ذہنوں میں سوالات لے کر آتا ہے، سب کے خوشگوار جواب ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں جھوٹ نہیں بولا جارہا، ہم ٹی وی پر کچھ اور بند کمروں میں کچھ اور سیاست نہیں کررہے، کوئی ایک دوسرے کی ذات پر کیچڑ نہیں اچھال رہا، یہاں کسی ذاتی مفاد کے لیے یہاں اکٹھے نہیں ہوئے،گلی کے کارکن سے لے کر مرکزی ذمہ داران تک سب ایک ہی طریقے اور مقصد کے لیے کام کررہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آئندہ آنے والا وقت پی ایس پی کا ہے، ساری جدوجہد اور لوگوں کی شمولیت اس لیے نہیں کہ ہمیں پریس کانفرنس کرکے میڈیا کوریج ملے، یہ ساری تگ و دو عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے لیے ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ کراچی میں 18 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، ایسا لگتا ہے ملک میں گورننس نام کی چیز نہیں، کے الیکٹرک سےبات کرو کہتے ہیں گیس والے گیس نہیں دے رہے، ان سے بات کرو کہتے ہیں پیسے نہیں دے رہے، وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو دو خط لکھ دیئے، کیا گیس انڈیا سے آرہی ہے،آپ صوبے کے وزیراعلیٰ ہو، فون اٹھائیں اور فون کریں، بچے اور مریض مررہے ہیں، کراچی کا برا حال ہے اور آپ خط لکھ رہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ وہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کے معاملے کا از خود نوٹس لیں۔

مزید خبریں :