پاکستان
24 جولائی ، 2012

ایم کیو ایم کے وفد کی جماعت اسلامی کے قائدین سے ملاقات

ایم کیو ایم کے وفد کی جماعت اسلامی کے قائدین سے ملاقات

لاہور… متحدہ قومی موومنٹ کے وفد اورجماعتِ اسلامی کے قائدین نے اعلان کیاہے کہ ملکی سلامتی اورملک کودرپیش مسائل کاتقاضاہے کہ سیاسی جماعتیں قومی یک جہتی کیلئے اتفاق رائے قائم کریں۔ یہ بات منصورہ میں ایم کیوایم کے وفد کے قائد فاروق ستار اورجماعت اسلامی کے امیر منورحسن کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں طے پائی۔دونوں جماعتوں کے درمیان منصورہ مین ایک گھنٹہ تک مذاکرات جاری رہے جس کے بعدوفاقی وزیرفاروق ستار اورامیر جماعت اسلامی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر وفاقی وزیرفاروق ستار کاکہناتھاکہ قائد تحریک کے حکم پر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کاسلسلہ شروع کیاہے۔ان کاکہناتھاکہ قومی معاملات پر حکومت کی اتحادی جماعتوں اپوزیشن جماعتوں اوراسمبلی سے باہر سیاسی جماعتوں کاقومی معاملات پر اتفاق رائے بہت ضروری ہے۔ان کاکہناتھاکہ کراچی ملکی ترقی کاانجن ہے ، معیشت کوپٹری سے اتارکرپاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ فاروق ستارکاکہناتھاکہ ساحلوں پر بحری بیڑوں کی آمدسیاسی جماعتوں کے لمحہ فکریہ ہوناچاہئے۔ایم کیوایم حکومت میں اپوزیشن کاکرداراداکررہی ہے عبوری حکومت سے انتخابات تک کے مسئلے پر سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہوناضروری ہے۔امیر جماعت اسلامی منورحسن نے کہاکہ قبل ازوقت انتخابات کاوقت گزارچکا۔بروقت انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کوحکومت پردباوٴ بڑھاناچاہئے۔انہوں نے کہا کہ گول میز کانفرنس وقت کی ضرورت ہے۔منورحسن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ملاقاتوں کاسلسلہ خوش آئندہے،عبوری حکومت اتفاق رائے سے قائم کی جائے۔

مزید خبریں :