16 اپریل ، 2018
کراچی: واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملے پر پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد تیل کی فراہمی بحال کردی گئی۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد طیاروں کوتیل کی سپلائی شروع ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پی آئی اے کو تیل کی فراہمی معطل کردی تھی جس کی وجہ سے کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز روانہ نہیں ہوسکی تھی۔
پی ایس او ذرائع کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 366 کو فیول کی سپلائی روک دی گئی تھی، پرواز کو شام 5 بجے روانہ ہونا تھا تاہم ایندھن کی قلت کی وجہ سے وہ روانہ نہ ہوسکی۔
پی ایس او ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے مؤقف اپنایا تھا کہ 7 روز سے روزانہ کی بنیاد پرادائیگیاں بھی نہیں کیں اور ادائیگیوں میں تاخیرک ی وجہ سے ایندھن نہیں دیا جاسکتا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے ذمہ پی ایس او کے 15.2 ارب روپے واجب الادا ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھی پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو فیول کی فراہمی معطل کردی تھی۔