24 جولائی ، 2012
عمان… اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے متنازع انتخابی قانون کی منظوری دے دی۔ اردن کی تمام سیاسی جماعتوں بشمول اِخوان المسلمون ‘ ٹریڈ یونینز‘ قبائل اور سیاسی اصلاحات کے لئے کام کرنے والی تنظیموں نے اس قانون کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اردن کی پارلیمنٹ نے ”ون پرسن‘ ون ووٹ“ کا یہ قانون گزشتہ جون میں پارلیمنٹ نے منظور کیا تھا تاہم سیاسی حلقوں کی مخالفت کے باعث شاہ عبداللہ نے پارلیمنٹ سے اس قانون پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔ تاہم پارلیمنٹ مقررہ مدت میں اس قانون پر کوئی ترمیم کرنے میں ناکام رہی جس پر شاہ عبداللہ دوم نے اس قانون کی حتمی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ اس قانون کا نفاذ اردن میں آئندہ عام انتخابات پر ہوگا۔ اردن کی تمام سیاسی جماعتوں نے اس قانون کے تحت کرائے جانے کی صورت میں آئندہ عام انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم شروع کردی ہے۔