دنیا
Time 17 اپریل ، 2018

کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم کو دوما تک رسائی کی اجازت مل گئی

او پی سی ڈبلیو کے ماہرین ہفتے کو دمشق پہنچ چکے ہیں: بی بی سی_ فوٹو/ اے ایف پی

دمشق: کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’او پی سی ڈبلیو‘ کے تفتیش کاروں کو شام میں کیمیائی حملے کا نشانہ بننے والے مقام دوما تک رسائی کی اجازت مل گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہےکہ تنظیم ’او پی سی ڈبلیو‘ کے تفتیشی حکام بدھ کے روز دوما کا دورہ کریں گے۔

بی بی سی کے مطابق تنظیم کے ماہرین ہفتے کے روز دمشق پہنچے تھے تاہم ماہرین کو  سیکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر دوما کے نزدیکی علاقے میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

امریکا اور شام کا موقف

ادھر امریکی حکام نے تشویش ظاہر کی ہےکہ شامی حکومت کا اتحادی روس اس مقام میں چھیڑ چھاڑ کرسکتا ہے۔

شامی حکومت کا کہناہےکہ دوما میں 7 اپریل کو پیش آنے والا واقعہ من گھڑت تھا۔

جب کہ امریکا، برطانیہ اور فرانس کا مؤقف ہےکہ ان کے پاس آزاد ذرائع اور اپنی انٹیلی جنس کی بنیاد پر اطلاعات ہیں کہ دوما میں کیمیائی حملہ کیا گیا تھا۔

خیال رہےکہ 14 اپریل کو امریکا نے اپنے اتحادی ممالک فرانس اور برطانیہ کی مدد سے شام پر حملہ کیا جس میں دمشق اور حمص کے قریب فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

حملوں کے لیے صدر ٹرمپ نے نہتے شہریوں پر شام کی فوج کے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو جواز بنایا۔


مزید خبریں :