24 جولائی ، 2012
واشنگٹن … امریکی خاتون سینیٹر ڈیانے فین اسٹین نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات بین الاقوامی سطح پر سیکورٹی کیلئے ضروری ہیں۔ امریکی خفیہ ادارے بارے سینیٹ کی سلیکٹ کمیٹی کی سربراہ سینیٹر ڈیانے فین سٹین نے پاکستان کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے تعلقات میں بہتری لانے اور اعتماد سازی پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے افغانستان کیلئے نیٹو سپلائی روٹ کھولنے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین ایک دوسرے پر اعتماد سازی کی ضرورت ہے۔ ورلڈ افیئرز کونسل میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین اعتماد سازی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور امریکہ کے مابین اعتماد کی کمی ہے جس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر ڈیانے فین سٹین نے کہا کہ وہ افغان حقانی نیٹ ورک کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی حامی ہیں۔