پاکستان
Time 19 اپریل ، 2018

میری کردار کشی کی گھناؤنی مہم جاری ہے، سعد رفیق

ملک کے لیے کام کرنے کا صلہ الزامات اور سزائیں ہی ٹھہرا, سعد رفیق۔ فوٹو: فائل/ پی آئی ڈی

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ میری کردار کشی کی افسوسناک اور گھناؤنی مہم جاری ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ پہلے آشیانہ اسکیم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، پھر ایک ہاؤسنگ اسکیم کا مالک بنا دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری اور میرے بھائی کی 40 کنال ملکیتی جگہ کا ڈھول پیٹا گیا جو ہمارے اثاثاجاتی گوشواروں میں پہلے سے موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ریلوے میں کرپشن کے الزام کا سامنا ہے لیکن جھوٹے الزامات تراشنے والے اللہ کے قہر سے ڈریں۔

 ’ریلوے میں کرپشن اور اقرباء پروری کے آگے بند باندھا لیکن اب اس کی سزا کاٹ رہا ہوں‘

وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کے لیے نیک نیتی سے کام کیا، سوچا تھا اس کا کچھ خیال رکھا جائے گا لیکن میری سوچ غلط تھی، ملک کے لیے کام کرنے کا صلہ الزامات اور سزائیں ہی ٹھہرا۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے میں کرپشن اور اقرباء پروری کے آگے بند باندھا لیکن اب اس کی سزا کاٹ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کاش! ایسا الزام لگنے سے پہلے مر جاتا، آج پھر شدید دلی تکلیف ہوٸی ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ جعلی ذرائع سے بننے والی خبروں کو بنیاد بنا کر بدنام کرنا کہاں کا انصاف ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ الزامات کی تحقیق کرنے والے قوم کو یہ بھی بتائیں کہ الزام لگانے والے کون ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ہر کام قانون کے مطابق اور ریلوے کے وسیع تر مفاد میں کیا، سخت تحفظات کے باوجود نیب سے بھرپور تعاون کیا جائے گا اور ہر سوال کا جواب دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خاموش رہوں تو کہا جاتا ہے کہ کچھ غلط کیا ہے تبھی نہیں بولتے اور بولوں تو کہتے ہیں کہ گستاخ محاذ آرائی کرتے ہیں۔

چوہدری نثار عمران خان جیسے دغا باز کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، سعد رفیق

عمران خان کی چوہدری نثار کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چوہدری نثار عمران جیسے دغا باز کے جھانسے میں آنے والے نہیں ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کا بیان کہ ان کے جلسوں کی وجہ سے عدالت کو نواز شریف کے خلاف کیس سننا پڑا کھلی توہین عدالت ہے، کیا کوٸی انوکھے لاڈلے سے جواب طلبی کرے گا؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے بنانیے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آج تک کسی طاقتور کا احتساب نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بے ضمیر، بے وفا اور ابن الوقت لوگوں کے گٹھ جوڑ کا دوسرا نام پی ٹی آٸی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کوسنے اور طعنے دینے والے عمران اور زرداری خاموش شراکت دار بن چکے ہیں۔

مزید خبریں :