پاکستان
Time 20 اپریل ، 2018

کرپٹ لوگوں کے نہ نکلنے تک طالع آزماؤں کا خطرہ رہے گا: شیخ رشید

عمران خان کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے، سربراہ عوامی مسلم لیگ_ فوٹو/ فائل

رحیم یار خان: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ جب تک کرپٹ لوگ نہیں نکلیں گے تب تک غیر آئینی اقدام اور طالع آزماؤں کا خطرہ رہے گا۔

رحیم یار خان میں پریس کرتے ہوئے شیخ رشید نےکہا کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور  عمران خان کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیا کوئی آدمی سوچ سکتاہے کہ جج کے گھر پر ایک دن میں دو مرتبہ فائرنگ ہو، ایسے ملک میں غریب کیسے محفوظ ہوسکتے ہیں، گوجرانوالہ کے ڈی سی کو پنکھے سے لٹکا دیا، پھر کہتے ہیں بہت زبردست گورننس ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھاکہ حکمران احتساب میں نہیں، ختم نبوت کےخلاف چور دروازے سےکام کرنے پر اللہ کی پکڑ میں آئے ہیں، سوائے میرے سارے مولیوں نے ختم نبوت کے خلاف ووٹ دیا اور مولانا فضل الرحمان نے پہلی مرتبہ اس معاملے پر میرا شکریہ ادا کیا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نےکہا کہ ملک میں پینے کا پانی نہیں، لوگ ہیپاٹائٹس سے مررہے ہیں، لوگ آج جنوبی پنجاب کی بات کرتے ہیں، میں زمانہ طالب علمی سے کرتا ہیں، پنجاب کو تقسیم کرکے اس کی بدمعاشی کو ختم کیا جائے، سارے ممبران قومی اسمبلی بھیڑ بکریاں ہیں، دنیا کی تاریخ میں کسی آدمی کا اسپیکر اتنی مرتبہ بند نہیں ہوا جتنا میرا ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کے موقع پر مجھے اسمبلی میں ٹائم ملا اور میں نے تڑکا لگادیا اور ایسا لگایا کہ انہوں نے مجھ سےمعافیاں مانگیں۔

شیخ رشید نےمزید کہا کہ جب تک کرپٹ لوگ نہیں نکلیں گے تب تک غیر آئینی اقدام اور طالع آزماؤں کا خطرہ رہے گا۔

مزید خبریں :