پاک بحریہ کی سمندر میں پھنسی بھارتی ماہی گیروں کی کشتی کی امداد

ھارتی ماہی گیروں نے بر وقت امداد کی فراہمی پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور کھلے سمندر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے — فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب 

کراچی: پاک بحریہ نے کھلے سمندر میں آٹھ دن سے پھنسی بھارتی ماہی گیروں کی کشتی کو امداد فراہم کرکے نیا باب رقم کردیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق 8 دن سے بھارتی ماہی گیر کشتی ایس ٹی مارس انجن میں خرابی کی وجہ سے کھلے سمندر میں مشکلات کا شکار تھی جس پر عملے کے 12 افراد سوار تھے۔

ماہی گیروں کو اشیاء خورد نوش، طبی امداد اور کشتی کو مرمت کی اشد ضرورت تھی۔

پاک بحریہ کا اہلکار بھارتی ماہی گیر کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے — فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

ترجمان کے مطابق اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ کی پی این ایس عالمگیر کی میڈیکل ٹیم نے بھارتی کشتی پرپہنچ کر مریضوں کو طبی امداد اور دیگر اشیاء فراہم کیں جبکہ پی این ایس عالمگیرکی ٹیکنیکل ٹیم نے بھارتی کشتی کے انجن کی فنی خرابی کو دور کیا اور کشتی کو دوبارہ چلنے کے قابل بنایا۔

بھارتی ماہی گیروں نے بروقت امداد کی فراہمی پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر نے کھلے سمندر میں یمنی ماہی گیر کشتی کے عملے کو طبی امداد فراہم کی تھی جس میں 16 افراد سوار تھے۔ 

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق 'البرق' نامی یمنی کشتی کے عملے نے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر سے طبی مدد کی درخواست کی تھی۔

مزید خبریں :