25 جولائی ، 2012
واشنگٹن…امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ شام میں باغیوں کی پیش رفت جاری ہے اور وہ بالٓاخر ملک کے بڑے حصے پر قابض ہو جائیں گے۔ بشار الاسد کے پاس اب بھی ملک سے باہر پناہ لینے کیلئے گفت و شنید کا وقت ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام کے باغیوں کی جنگی فتح ناگزیر ہو چکی ہے اور انہیں ملک چلانے اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو روکنے کیلئے اب سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور شام کو جلد ایک پرامن ریاست میں تبدیل کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بشار الاسد حکومت کیلئے اب بھی وقت ہے کہ وہ انتقال اقتدار کیلئے مذاکرات کا آغاز کریں تاکہ ملک میں تشدد کی موجودہ لہر کے خاتمے کا حل نکل سکے۔