Time 10 مئی ، 2018
پاکستان

کراچی:فائرنگ، دستی بم حملے میں (ن) لیگ کے مقامی عہدیدار عقیل رحمانی سمیت 3 زخمی

پولیس کے مطابق عقیل رحمانی پر حملہ کرنے والا ایک ملزم اسد حال ہی میں جیل سے رہا ہوا تھا—۔ فائل فوٹو

کراچی: شہرِ قائد میں لیاری کے علاقے میں فائرنگ اور دستی بم حملے میں مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیدار عقیل رحمانی سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں غریب شاہ مزار کے قریب مسلم لیگ (ن) ساؤتھ کے نائب صدر عقیل رحمانی کے گھر پر گینگ وار ملزمان نے حملہ کردیا۔

حملے کے نتیجے میں عقیل رحمانی کو 6 گولیاں لگیں، جنہیں تشویش ناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب عقیل رحمانی کے گارڈز کی جوابی فائرنگ سے 2 حملہ آور زخمی ہوگئے۔

فرار ہونے کی کوشش کے دوران عوام نے پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے ان پر بھی دستی بم سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک راہگیر عمران زخمی ہوگیا۔

ایک زخمی ملزم عثمان کو عوام نے رینجرز کے حوالے کیا جبکہ اسد کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم اسد حال ہی میں جیل سے رہا ہوا تھا اور اس سے پہلے بھی عقیل رحمانی پر حملہ کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ عقیل رحمانی پر لیاری گینگ وار کے زاہد لاڈلہ گروپ کا یہ آٹھواں حملہ تھا، اس سے قبل ہونے والے حملوں کے مقدمات کلاکوٹ تھانے میں درج ہیں جن میں زاہد لاڈلہ نامزد ملزم ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے کلاکوٹ میں سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 گینگ وار ملزمان ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ملزمان کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

تاہم ہلاک ملزمان کے مسلم لیگ (ن) کے مقامی عہدیدار عقیل رحمانی پر حملے میں ملوث ہونے کو بھی پولیس ثابت نہیں کرسکی۔

دوسری جانب عیسیٰ نگری کے قریب پی آئی بی پولیس سے مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زاہد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا۔

گرفتار ملزم سے 2 لاکھ 90 ہزار روپے کی رقم جبکہ دو آئی فون موبائل بھی برآمد کیے گئے۔

مزید خبریں :