25 جولائی ، 2012
برسلز … یورپی یونین نے اسرائیل کی حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قراردینے کی درخواست مسترد کر دی۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ اوگدر لیبرمن نے بلغاریہ میں گزشتہ ہونے والی بمباری کے تناظر میں یورپی یونین سے لبنانی تنظیم حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دے کر بلیک لسٹ کرنے کی درخواست کی تھی۔ یورپی یونین کے موجودہ سربراہ قبرص کے وزیرخارجہ اریتو کوزاکو مارکولس نے بتایا کہ یورپی یونین کے ممالک میں حزب اللہ کو بلیک لسٹ تنظیم قرار دینے پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے ساتھ سالانہ مذاکرات کے بعد ایک نیوزکانفرنس میں کہا تھا کہ اب حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا وقت آگیا ہے۔ تاہم قبرص کے وزیر خارجہ نے کہا کہ حزب اللہ ایک سیاسی جماعت ہے جو کہ لبنانی سیاست میں سرگرم عمل ہے اور سیاسی تنظیم ہونے کے ساتھ ساتھ مسلح ونگ بھی رکھتی ہے۔