25 جولائی ، 2012
راولپنڈی…ایم کیو ایم کے وفد نے وفاقی وزیر بابرغوری کی سربراہی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے بھی ملاقات کی اور گول میز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ ایم کیو ایم کے وفد نے لال حویلی راولپنڈی میں شیخ رشید احمد سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے بابرغوری نے کہا کہ وہ شیخ رشید احمد کے پاس قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کا سلام و پیغام لے کر آئے ہیں، وزیراعظم جلد گول میز کانفرنس بلا رہے ہیں جس میں شیخ رشید کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔ بابرغوری نے کہا کہ گول میز کانفرنس کے حوالے سے میاں نوازشریف، عمران خان ، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی رہ نماوٴں سے رابطے جاری ہیں، اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ 60 ملین ڈالر بچانے کے لیے قومی اسمبلی دیوار چین بنی ہوئی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو عوام کی سہولت کے لیے اکٹھا ہو جانا چاہیئے۔