25 جولائی ، 2012
اسلام آباد…نادرا نے جعلی پاسپورٹ اسکینڈل پر برطانوی اخباردی سن کے خلاف 10 ارب پاوٴنڈ ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ کیاہے جبکہ ایف آئی اے نے تحقیقات کا رخ اسکینڈل کے مبینہ کردار محمد علی اسد کی طرف موڑ دیاہے۔ جیونیوز کے نمائندے آصف علی بھٹی کو سرکاری ذرائع نے بتایاہے کہ چئیرمین نادرا طارق ملک کل (جمعرات کو) وفاقی وزیرقانون فاروق نائیک سے ملاقات کریں گے۔ قانونی مشاورت کے بعد برطانیہ کی عدالت میں دی سن کے خلاف 10 ارب پاوٴنڈ ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کے لیے وکلاء کی ٹیم تشکیل دینے کے بارے میں فیصلہ کیاجائیگا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اس اسکینڈل کے حوالے سے 27 جولائی کوجامع تحقیقاتی رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کرے گی ،تاہم اس سے پہلے ہی تحقیقات کا رخ ، پاسپورٹ اسکینڈل کے مبینہ کردار محمد علی اسد کی طرف موڑ دیاگیا ہے۔ایف آئی اے ذرائع کا کہناہے کہ محمد علی اسد کے غیرملکی رابطوں اور جعلی پاسپورٹ اسکینڈل کھڑا کر کے پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کے حقائق جاننے کے لیے تفتیش کا آغاز کردیاگیا۔