دنیا
Time 24 مئی ، 2018

ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے وہ خط جاری کیا گیا ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان کو لکھا۔

خط کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان سے ملاقات یہ کہہ کر منسوخ کردی ہے کہ یہ ملاقات کے لیے مناسب وقت نہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کی تصدیق کی کہ شمالی کورین رہنما سے 12 جون کو شنگاپور میں جو ملاقات ہونی تھی اب وہ نہیں ہوگی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ کسی اور وقت کم جانگ ان سے ملاقات کے لیے پرامید ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن امریکی ہم منصب سے ملاقات کے لیے واشنگٹن پہنچے تھے جہاں شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان متوقع ملاقات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

دونوں ممالک کے صدور نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر شمالی کوریا کے سربراہ سے ملاقات نہ ہوئی تو شاید یہ بعد میں ہوگی۔

شمالی کوریا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کم جانگ اُن سے متوقع ملاقات سے قبل 9 مئی کو تین امریکی شہریوں کو رہا کیا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ڈونلڈ ٹرمپ کی کم جانگ ان سے ملاقات کا ایجنڈا طے کرنے کے لیے پیانگ یانگ گئے تھے اور ان تین امریکی شہریوں کو لے کر امریکا واپس آئے تھے۔

شمالی کوریا نے تینوں امریکی شہریوں کو ریاست مخالف کاموں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

کم ہاک سونگ کو مئی 2017، ٹونی کم کو اپریل 2017 اور کم ڈانگ چو کو 2015 میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :