25 مئی ، 2018
لارڈز ٹیسٹ سے ایک دن پہلے پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے وکٹ کیپر اور کپتان سرفراز احمد نے بڑے پراعتماد انداز میں کہا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی، ایشِز سیریز کے بعد نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز ہارنے کےبعد انگلش ٹیم دباؤ کا شکار ہے اور ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
کپتان نے جیسا کہا بالکل ویسے ہی کیا ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستانی بولرز نے ،انگلش کپتان جوروٹ نے ابر آلود موسم میں ٹاس جیت کر جو پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا،چوتھے ہی اوور میں اسے محمد عباس نے اسٹونمین کی وکٹ لے کر غلط ثابت کرنے کی بنیاد رکھ دی۔
کھانے کے وقفے سے پہلے حسن علی نے قومی ٹیم کو میلان اور انگلش کپتان کی وکٹوں کا تحفہ بھی دیدیا،ادھر دوسری جانب جب صبح کے وقت میں سینٹ جونز ووڈ ٹیوب اسٹیشن سے باہر نکلا ،تو لوگوں کا ایک اژدھام تھا،جو لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل دیکھنے اسٹیڈیم کی جانب گامزن تھا،جب میں ویسٹ گیٹ سے لارڈز گراونڈ میں داخل ہوا تو ایک لمحے کو مجھے ایسے لگا کہ آج لارڈز پر ورلڈ کپ کا فائنل ہے،ویسے یاد رہے چار ورلڈ کپ مقابلوں کے فائنل کی میزبانی کرنے والے لارڈز کو 2019ء ورلڈ کپ فائنل کی بھی میزبانی کرنا ہے۔
لارڈز گراونڈ پر پہلے ٹیسٹ کے چائے کے وقفے سے پہلے محمدعامرنے اننگز میں اپنی واحد وکٹ الیسڑا کک کو 70کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر کے حاصل کی،یہ حقیقت میں اس اعتبار سے بڑی وکٹ تھی کہ اس کے بعد ایسا لگا کہ انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ بے یارو مدد گار ہوگئی،کیوں کہ چائے کہ وقفے کے بعد ابھی ہم آکر اپنی نشستوں پر بھی نہیں بیٹھے تھے کہ انگلینڈ کی پہلی اننگز184رنز پر سمٹ گئی۔
انگلینڈ کی آخری پانچ وکٹیں اسکور میں محض 17ہی رنز کا اضافہ کر سکیں،اپنا تیسرا ٹیسٹ کھیلنے والے حسن علی نے کیرئیر بیسٹ4/51کی کارکردگی دکھائی۔
محمد عباس نے انگلینڈ کی چار وکٹیں حاصل کرنے کے لئے محض 23رنز دئیے،البتہ سرفراز احمد کی طرف سے استعمال کیے گئے پانچ بولرز میں صرف شاداب خان بدقسمت رہے جو کوئی وکٹ نہ لے سکے،ورنہ محمد عامر اور فہیم اشرف بھی ایک ایک وکٹ لے گئے۔
پہلے دن 9 اوورز پہلے کھیل ختم کیا گیا تو امام الحق کی وکٹ گنوا کر پاکستان نے 50رنز بنا کر انگلینڈ کی مشکلات بڑھائی ہوئی ہیں ۔