Time 29 مئی ، 2018
پاکستان

لاہور میں ڈولفن فورس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ، 14 سالہ لڑکا جاں بحق


لاہور کے علاقے  شادباغ میں ڈولفن فورس اور مشکوک افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 14 سالہ راہ گیر لڑکا جاں بحق ہو گیا۔

شاد باغ میں ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے مبینہ طور پر رکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کی زد میں آکر 14 سالہ راہ گیر لڑکا جاں بحق ہوگیا۔

واقعے میں جاں بحق ہونے والے لڑکے کے لواحقین نے میت رنگ روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

اہل علاقہ اور مقتول کے ورثاء نے الزام لگایا کہ مقتول پانی بھرنے کے لیے کھڑا تھا جو کہ ڈولفن فورس کے اہلکاروں کی گولی کا نشانہ بنا ہے لہذا انہیں انصاف دیا جائے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی وڈیو سامنے آئی ہے جس میں موٹر سائیکل سوار ڈولفن اہلکاروں کو کار کا تعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے واقعے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

ایس پی ڈولفن فورس ندیم کھوکھر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان دیگر شہروں میں بھی جرائم میں ملوث ہیں اور کرائے کی گاڑی لے کر واردات کے لیے لاہور آئے تھے۔

ایس پی کے مطابق پولیس کے روکنے پر ملزمان نے فائرنگ کی اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ 

مزید خبریں :