07 جون ، 2018
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت خطے کو اسلحے کی دوڑ میں جھونک رہا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے بھارتی پروپیگنڈا بے بنیاد اور لغو ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی بیانات سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو بھی پاکستان کا حصہ بننا ہے، اگر بھارت سچا ہے تو مقبوضہ کشمیر میں فوری استصواب رائے کرادے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت خطے کو اسلحےکی دوڑ میں جھونک رہا ہے لیکن پاک فوج ہر طرح کی جارحیت اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں رہ سکتا اور ہماری تیاری مکمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بھارت کو مذاکرات کی پیشکش موجود ہے، ہم وقار کے ساتھ بات چیت کے قائل ہیں لیکن بھارت مذاکرات سے بھاگ رہا ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کو شدید ماحولیاتی اور آبی چیلنجز کا سامنا ہے، پانی ہماری شہہ رگ اور انتہائی اہم مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی ذمہ داری ہے کہ کشن گنگا ڈیم کے حوالے سے ثالثی عدالت کا قیام یقینی بنائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے عالمی برادری کا ردعمل مثبت ہے، الیکشن آزادانہ اور شفاف ہو ں گے۔