پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج یوم القدس منایا جا رہا ہے

 آج ملک بھر کی مساجد میں خصوصی عبادات ادا کی جائیں گی—۔فائل فوٹو

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم القدس منایا جا رہا ہے۔

ماہ رمضان کے چوتھے جمعے کو آج ملک بھر کی مساجد میں خصوصی عبادات ادا کی جا رہی ہیں۔

نماز جمعہ کے دوران ملک کی ترقی، خوشحالی اور عالم اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور علمائے کرام نے رمضان المبارک کے آخری عشرے کی اہمیت بیان کی۔

یوم القدس

آج پاکستان سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور القدس کی آزادی کے عزم کے ساتھ یوم القدس منایاجارہا ہے۔

اس سلسلے میں ملک بھر میں القدس ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جس کے دوران فلسطین کی آزادی کے لیے حمایت کا اعادہ کیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے یوم القدس کی ریلی کا ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق یوم القدس کے موقع پر ریلی نمائش سے تبت سینٹر تک نکالی جائے گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق تین ہٹی سے آنے والے ٹریفک کو سولجر بازار موڑا جائے گا، لسبیلہ سے آنے والے ٹریفک کو پیپلزچورنگی، پریڈی اسٹریٹ سے تبت سینٹر جانے والے ٹریفک کو کوریڈور تھری، فریسکو چوک سے تبت سینٹر جانے والے ٹریفک کو جوبلی کی طرف موڑا جائے گا۔

ٹریفک پلان کے مطابق لکی اسٹار سے آنے والے ٹریفک کو کوریڈور تھری اور گارڈن سے کوسٹ گارڈ آنے والے ٹریفک کو سولجر بازار کی جانب موڑا جائے گا۔