شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کریں گے، علی ظفر

 منتخب حکومت کو اقتدار کی منتقلی مینڈیٹ ہے، نگران وفاقی وزیر اطلاعات۔ فوٹو: جیو نیوز

نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کریں گے۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ شمشاد اختر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی ظفر کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ شفاف اور آزادانہ الیکشن کا انعقاد ہماری ذمےداری اور منتخب حکومت کو اقتدار کی منتقلی مینڈیٹ ہے اور پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ملک میں لوڈ شیڈنگ کی 4 وجوہات ہیں، وزیر توانائی

ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے توانائی علی ظفر کا کہنا تھا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کی 4 بڑی وجوہات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لوڈ شیڈنگ کی پہلی وجہ بجلی کی پیداوار طلب سے کم ہونا ہے، لوڈ شیڈنگ کی دوسری وجہ فنی خرابی ہے، لوڈ شیڈنگ کی تیسری وجہ پانی قلت اور چوتھی وجہ ٹرانسمیشن کی خرابی اور نقصانات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 28 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کئی صلاحیت ہے، تمام پاور ہاؤسز چل رہے ہوں اور ڈیمز میں پانی موجود ہو تو 28 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی تین مرحلوں کے بعد عوام تک پہنچتی ہے، بجلی پیداوار، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے مرحلے سے گرزتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بجلی بنانے کی صلاحیت تو ہے لیکن فنی خرابی کی وجہ سے بجلی نہیں بن پا رہی، بجلی کو ٹرانسمٹ کرنے کے لیے بھی سسٹم بہتر نہیں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ پلانٹ خراب ہو جاتے ہیں اور ڈیموں میں پانی کم ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر برائے توانائی کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ 21 سے 22 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے اور جون میں بجلی کی طلب 23 سے 24 ہزار میگا واٹ ہے، دو ہزار میگا واٹ کے فرق سے اتنی زیادہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مینڈیٹ کلیئر ہے کہ کسی قسم کی الزام تراشی نہیں کریں گے اور وزارتوں میں آنے والی حکومتوں کے لیے گائیڈ لائن دے کر جائیں گے۔

آئی ایم ایف کے پاس جانے کا کوئی ارادہ نہیں، وزیر خزانہ

نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کی اقتصادی صورتحال آپ کے سامنے ہے لیکن آئی ایم ایف کے پاس جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نگران حکومت مذاکرات کر سکتی ہے نہ کوئی معاہدہ کر سکتی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد ایک فارمولے کے تحت بڑھتی ہیں۔

مزید خبریں :