30 جون ، 2018
راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو الیکشن کے لیے ’جیپ‘ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار اس بار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑرہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے انہیں انتخابی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس بار 4 حلقوں سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں دو صوبائی اور دو قومی اسمبلی کے حلقے شامل ہیں۔
چوہدری نثار این اے 63، این اے 59، پی پی 12 اور پی پی 10 سے انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے ریٹرننگ افسران کو انتخابی نشان میں ’جیپ‘ الاٹ کرنے کی درخواست دی تھی۔
ریٹرننگ افسران نے چوہدری نثار کو چاروں حلقوں سے ان کی درخواست پر ’جیپ‘ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا ہے۔
واضح رہےکہ ملک میں 25 جولائی کو عام انتخابات ہوں گے جس میں چھوٹی بڑی جماعتیں حصہ لے رہے ہیں جب کہ اس حوالے سے انتظامات حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔