پاکستان
Time 02 جولائی ، 2018

نواز شریف اور مریم کا ایک ہفتے میں وطن واپسی کا فیصلہ، ذرائع


لندن: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے ایک ہفتے میں وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وطن واپسی کا فیصلہ سینیئر لیگی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا اور وطن واپس آکر دونوں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نواز شریف نے مختلف شہروں میں انتخابی مہم چلانے کے لیے انتظامات کی ہدایت بھی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز کی پہلے وطن واپسی کی تجویز بھی زیرغور ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا آج تفصیلی طبی معائنہ ہوگا اور سی ٹی اسکین بھی کیا جائے گا، جس کے بعد منگل (3 جولائی) کو نواز شریف کی ڈاکٹروں سے تفصیلی ملاقات ہوگی۔

ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچنے پر نواز شریف نے صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جلد جاؤں گا، بیگم کلثوم کی صحت میں بہتری کا انتظار ہے۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ بیگم کلثوم کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

نواز شریف نے کہا کہ آئندہ آنے والی نسلوں کو اچھا ماحول دینے کیلئے جدوجہد کررہا ہوں، کلثوم نواز کا سی ٹی اسکین ہوا ہے، سی ٹی اسکین کی رپورٹس کاموازنہ کرکےوطن واپسی کافیصلہ کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں قبل از انتخابات دھاندلی کاسلسلہ شروع ہوچکا ہے، ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں پرپارٹی چھوڑنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، پارٹی کے وفادار کارکنوں اور رہنماؤں پر ٹکٹ واپس دینے کیلئے  دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

اس موقع پر نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاست میں تشدد سے جلد جان چھڑانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اختلاف پر اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہیے، سیاست میں تشدد کی غلط روایت کو کچھ لوگوں نے پروان چڑھایا۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ بہت جلد پاکستان جائیں گی۔

خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔

کلثوم نواز کو گزشتہ ماہ 14 جون کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال کے ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے پھر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا، آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں، جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا اور اب تک وہ وینٹی لیٹر پر ہی ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف بھی اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ اہلیہ کی عیادت کے لیے 14 جون کو لندن پہنچے تھے، جہاں ہیتھرو ایئرپورٹ پر انہیں بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا، جس کے بعد سے نواز شریف اور مریم نواز لندن میں ہی مقیم ہیں اور انہوں نے احتساب عدالت میں جاری نیب ریفرنسز میں حاضری سے استثنیٰ لے رکھا ہے۔

دو روز قبل میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا تھا کہ ان کی پاکستان واپسی کا فیصلہ والدہ کی صحت سے مشروط ہے لیکن وہ جلد وطن واپس جائیں گے۔

مزید خبریں :