رنبیر کی ’سنجو‘ نے ’باہو بلی 2‘ کو پچھاڑ دیا

فلم نے ریلیز والے روز سے ہی کمائی کے ریکارڈ بنانا شروع کردیے ہیں— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹرز 

بالی وڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ نے باکس آفس پر کمائی میں میگا بجٹ فلم ’باہو بلی 2‘ کو پچھاڑ دیا۔

سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور نے مرکزی کردار کیا ہے اور فلم نے ریلیز والے روز سے ہی کمائی کے ریکارڈ بنانا شروع کردیے ہیں۔

فلم نے نمائش کے 3 روز میں ہی 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرلیا ہے اور بالی وڈ کے حکمران خانز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

فلم نے پہلے روز 34 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے، دوسرے روز38 کروڑ 60 لاکھ اور تیسرے روز 46 کروڑ 71 لاکھ روپے کی کمائی کرکے مجموعی طور پر اب تک 120 کروڑ 6 لاکھ روپے کا بزنس کرلیا ہے اور یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

فلم نے پہلے روز رواں سال کی سب سے زیادہ کمائی والی فلم بننے کے بعد تیسرے روز بھی ریکارڈ بزنس کیا ہے۔

’سنجو‘ نے تیسرے روز 46 کروڑ 71 لاکھ کا بزنس کرکے ’باہو بلی2‘ کے ہندی ورژن کو کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا جس نے تیسرے روز 46 کروڑ 50 لاکھ کمائے تھے۔ 

یاد رہے کہ ہدایت کار راج کمار ہیرانی کی فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور، پاریش راول، وکی کوشال، سونم کپور، انوشکا شرما اور دیا مرزا سمیت کئی اداکاروں نے اہم کردار کیے ہیں اور یہ فلم معروف بالی وڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔

مزید خبریں :