پاکستان
Time 09 جولائی ، 2018

کیپٹن (ر) صفدر کی ریلی میں شامل (ن) لیگ کے 15 رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج


راولپنڈی: پولیس نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے کیپٹن (ر) محمد صفدر کی ریلی میں شامل (ن) لیگ کے 15 رہنماؤں کے خلاف تین مقدمات درج کرلیے۔

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں میاں نوازشریف، مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو سزا سنائی ہے جنہیں گزشتہ روز نیب کی ٹیم نے ریلی کے دوران گرفتار کیا۔

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے موقع پر ان کے ہمراہ (ن) لیگ کے رہنماؤں نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جس کا چیئرمین نیب نے نوٹس لیا تھا۔

جیونیوز کے مطابق محمد صفدر کی ریلی میں شریک (ن) لیگ کے 15 رہنماؤں کے خلاف تھانہ وارث اور تھانہ سٹی میں تین مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جس میں چوہدری تنویر، ضیاء اللہ شاہ اور راجہ حنیف سمیت سیکڑوں افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے 2 صوبائی اسمبلی اور ایک قومی اسمبلی کے امیدوار بھی نامزد ہیں جن میں دانیال چوہدری، ارسلان شیخ اور ملک شکیل اعوان شامل ہیں۔

مقدمہ دفعہ 3/7 اور 341، 188، 147، 149 ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کے تحت درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہےکہ نیب عدالت سے سزا یافتہ محمد صفدر نے ریلی کی قیادت کی اور روڈ بلاک کیا، نامزد ملزمان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اور جرم کا ارتکاب کیا۔

روالپنڈی پولیس کا کہنا ہےکہ مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

مزید خبریں :