پاکستان
Time 14 جولائی ، 2018

آرمی چیف نے سراج رئیسانی کو ’پاکستان کا سپاہی‘ قرار دے دیا

آرمی چیف نے سراج رئیسانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ فوٹو: فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستونگ دھماکے میں شہید ہونے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کو پاکستان کا سپاہی قرار دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سراج رئیسانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے سراج رئیسانی کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور سی ایم ایچ کوئٹہ میں مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

آرمی چیف سی ایم ایچ میں مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کر رہے ہیں۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

آرمی چیف نے سراج رئیسانی کو ’پاکستان کا سپاہی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک محب وطن پاکستانی کھو دیا ہے جسے ہمیشہ پاکستان کے لیے خدمات کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔

آرمی چیف نے سراج رئیسانی کے خاندان کی تین نسلوں کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ابھی تک امن کی منزل حاصل نہیں کی ہے لیکن ہم کامیابی سے اپنی منزل کے قریب ہوتے جا رہے ہیں۔

پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنج کا مقابلہ کر  رہے ہیں اور ہم انہیں شکست دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مستونگ میں ہونے والے خود کش حملے میں شہید افراد کی تعداد 131 تک پہنچ گئی ہے۔

سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے نواب زادہ سراج رئیسانی کی نماز جنازہ موسیٰ اسٹیڈیم میں ادا کی گئی جس کے بعد ان کی میت کو تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا۔

مزید خبریں :