پاکستان
Time 15 جولائی ، 2018

باکسر عامر خان کا پاکستان میں ڈیمز کے لیے 10 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان

اگلا مقابلہ جیتنے کے بعد ڈیمز کی تعمیر کے لیے مزید تعاون بھی کروں گا، باکسر عامر خان— فوٹو: فائل

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ پینے کے لیے صاف پانی نہ ملنے کے باعث لوگ مر رہے ہیں، پاکستان میں پانی کی شدید کمی ہے جس کو دور کرنے کے لیے سب ہی مدد کر رہے ہیں اور میں بھی پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے عطیہ کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنا اگلی فائٹ جیتنے کے بعد پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے مزید رقم بھی عطیہ کروں گا تاکہ اس مسئلے سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور حکومت بھی اس مقصد کے لیے بہترین اقدامات کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ دنوں ملک میں دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے بینک اکاؤنٹس نمبر جاری کیے ہیں جس میں قوم سے عطیات جمع کرانے کی اپیل کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ کے بنائے گئے اکاؤنٹس میں پاک فوج سمیت دیگر مسلح افواج کی جانب سے 2 دن کی تنخواہیں دینے کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی ڈیموں کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :